★انٹر نیٹ کی سہولت عام دستیاب ہونے کی وجہ سے اس کے استعمال میں بے حد اضافہ ہوا ہے ۔انٹر نیٹ کے ساتھ اس بے پناہ لگاؤ کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ اب لوگ اسے وسیلہ روزگار بھی بنانے لگے ہیں۔ آج کل آن لائن ارننگ اور آن لائن بزنس انٹرنیٹ کا مقبول ترین موضوع ہے۔ ★انٹرنیٹ کے زریعہ پیسے کمانا تو ممکن ہے پر اگر کوئی یہ سمجھتا ہے بس انٹرنیٹ سے مشین کی طرح بنا محنت کے پیسے کماسکتا ہے تو یہ صرف خام خیالی ہوگی ،انٹرنیٹ سے پیسے کمانا ممکن ہے پر اتنا آسان نہیں اور مسلسل محنت طلب ہے۔ ★ا بلاگ میں ان شعبوں کی تفصیل پیش کی جارہی ہے، جن کے ذریعے آپ ہر ماہ ایک معقول آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔
فری لانسنگ ★فری لانسنگ ایک ایسا کام ہے جو آپ گھر بیٹھے سر انجام دے سکتے ہیں اور اچھے خاصے پیسے کما سکتے ہیں۔اس میں ایک شخص یا ادارہ جس کو کوئی کام کروانا ہے وہ یا تو کوئی باقاعدہ دفتر بنا کر اس میں لوگوں کو کام پر رکھے یا پھر وہ بنا دفتر بنائے کسی ایسے شخص کو کام دے جو یہ کام جانتا ہو۔ اس شخص سے مطلوبہ کام کروا کر اُس کو ادائیگی کر دے،اِس طرح متعلقہ کمپنی کو نہ تو کوئی دفتر بنانا پڑے گا اور نہ ہی مستقل کسی شخص کو نوکری پر رکھنا ہو گا ۔ ★پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین کے مطابق اس وقت دنیا میں پاکستان فری لانسنگ کے لحاظ سے چوتھا بڑا ملک ہے اور اس وقت تقریباً 150,000 سے زیادہ فری لانسرز معیشت میں تقریباؑ ایک ارب امریکی ڈالر کا حصہ ڈال رہے ہیں۔ ★فری لانسنگ شروع کرنا نہایت آسان ہوتا ہے: ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بناؤ اور کام شروع کردو! لیکن کس فیلڈ کا اکاؤنٹ بنانا ہے؟ کیا سروسز دینی ہیں؟ یہ بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔ عموماً لوگ اِس مرحلے کو بہت آسان سمجھتے ہیں لیکن درحقیقت یہی آپ کی کامیابی و ناکامی میں پہلی اینٹ جیسی اہمیت رکھتا ہے۔ ★فری لانسنگ کاموں میں جو کام زیادہ مقبول ہیں: ★گرافک ڈیزائنر ★ویب ڈیزائنر ★بلاگر ★ٹرانسلیٹر ★فوٹو گرافر ★پروگرامنگ اینڈ سوفٹ وئیر ڈیویلپمنٹ ★کونٹینٹ رائٹنگ ★ویڈیو ایڈیٹر ★سوشل میڈیا منیجر
فری لانسنگ کے فوائد ★اس میں کام کے پیسے اچھے مل جاتے ہیں۔ اپنے ہنر اور تجربے کی بنیاد پر آپ کام کی منہ مانگی قیمت حاصل کرسکتے ہیں۔ ★اس کے علاوہ اپنی مرضی کے اوقات طے کیے جاسکتے ہیں جس کی سہولت 9 تا 5 والی ملازمت میں نہیں ملتی۔ ★سب سے اہم بات یہ کہ آپ کی ذمہ داری صرف اتنے کام کی ہے جس کے آپکو پیسے مل رہے ہیں۔ نہ اس سے زیادہ اور نہ اس سے کم۔ اور پروجیکٹ ختم ہونے کے بعد آپ کسی کام کے ذمہ دار نہیں رہتے۔ عمومی طور پر فری لانسنگ پروجیکٹ تھوڑے عرصے جیسے کہ 6 ماہ یا ایک سال کے ہوتے ہیں لیکن دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔ وہ اس صورت میں کہ اگر کلائنٹ آپ کے کام سے خوش ہو تو کنٹریکٹ مزید کئی سال تک بڑھ سکتا ہے۔ ★ملک میں معیشت کے حالات کے پیش نظر فری لانسنگ ہی پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کا سہارا ہے۔ صرف بے روزگار نہیں بلکہ برسرِ روزگار افراد اگر اپنی کمائی کو بڑھانا چاہتے ہیں تو وہ بھی دفتری اوقات کے بعد چند گھنٹوں کےلیے فری لانسنگ کرسکتے ہیں۔فری لانسنگ کے لیے بہترین پلیٹ فارم ★اس وقت سینکڑوں فری لانسنگ ویب سائٹس موجود ہیں اور بیشتر میں کام کرنے کا طریقہ کار تقریباً ایک جیسا ہے۔ جن میں ٹاپ کی پانچ سائٹس کے نام یہ ہیں: ★اپ ورک ★فائیور ★فری لانسر ★گرو ڈاٹ کام ★پیپل پر آور
اپ ورک سے کمانے کا طریقہ
★اس ویب سائٹ کا قیام 2015 میں دو مشہور ویب سائٹس oDesk اور Elance کے اشتراق کے بعد ہوا۔ یہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑی ویب سائٹ ہے، کمائی کے اعتبار سے بھی اور کام کے لحاظ سے بھی۔ ★روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کلائنٹس (clients) اپنے کام کی تفصیل مہیا کرتے ہیں اور فری لانسرز ان پر اپنے پروپوزلز ارسال کرتے ہیں، جس کا پروپوزل کلائنٹ کو پسند آجائے اسے کام مل جاتا ہے۔ ★کام کرنے کی نوعیت دو طرح کی ہوتی ہے۔ یا تو پورے کام کی ایک مقررہ قیمت طے کر لیں یا گھنٹوں کے حساب سے پیسے چارج کریں۔ البتہ دونوں صورتوں میں کام کرنے کے پیسے بروقت ملیں گے۔ ★اگر کسی وجہ سے کلائنٹ پیسے نہیں دیتا تو Upwork اس معاملے میں آپ کو پورا تعاون فراہم کرے گا۔
فائیور سے پیسے کمانے کا طریقہ ★
اس وقت فائیور ، اپ ورک کے بعددنیا کی دوسری بڑی ویب سائٹ بن چکی ہے. کام ڈھونڈھنے کے اعتبار سے یپ اپ ورک سے قدرے مختلف ہے۔ یہاں پر آپ اپنے کام کی ایک سروس بناتے ہیں جسے گِگ کہا جاتا ہے۔ ★اس گِگ میں آپ اپنے کام کی نوعیت اور قیمت وغیرہ کی تفصیل بیان کرتے ہیں، ہر گِگ کی کم سے کم قیمت $5 ہوتی ہے، لیکن اس کا مطلب ہرگز نہیں کہ آپ اس سے زیادہ نہیں کما سکتے۔ جتنا بڑا کام ہوگا اس کے پیسے بھی اسی مناسبت سے طے کر لیے جائیں گے۔ ★یہاں پیسے کے معاملات کی فکر کرنے کی بالکل ضرورت نہیں کیونکہ کام کے آغاز میں ہی فائیور کلائنٹ سے سارے پیسے وصول کر لے گا اور کام ختم ہونے کے بعد آپ کے پیسے آپ کے اکاؤنٹ میں شامل ہو جائیں گے۔ ★فائیور پر کسی دوست کو انوائٹ کرنے پر آپ کو پانچ ڈالر ملتے ہیں۔ ★فائیور پر ہر کام یعنی گگ سے آرڈر ملنے پر آپ کو پانچ ڈالر ملیں گے جس میں سے ایک ڈالر فائور کی فیس ہے اور چار ڈالر آپ کے اکاؤنٹ میں جائیں گے۔ ★فائیور پر آپ اپنے پیسے پاکستان میں صرف پے اونیر اکاؤنٹ میں حاصل کر سکتے ہیں جس کو بنانے کا طریقہ آپ کو آگے بتایا جائے گا۔
یوٹیوب سے پیسے کمانے کا طریقہ ★سب سے پہلے آپ کو ایک عدد Gmailآئی ڈی کی ضرورت ہوتی ہے اُس سے آپ یوٹیوب پر اپنا بالکل فری میں ایک چینل بناتے ہیں ۔چینل بنانے کے بعد آپ اپنی ویڈیوز بناتے ہیں ۔ ★یوٹیوب پر ارننگ شروع کروانے کیلئے پہلے ایک چھوٹا سا امتحان پاس کرنا پڑتا ہے۔ امتحان کیا ہے؟ وہ یہ کہ یوٹیوب کی نئی پالیسی کے مطابق اب اُس بندے کی مونیٹائیزیشن آن ہوتی ہے جس کے چینل پر 4000گھنٹے کا واچ ٹائم اور 1000سبسکرائبرز ہوتے ہیں پھر چینل یوٹیوب والے چیک کرتے ہیں اگر تو آپ کا کام بالکل ٹھیک ہوتا ہے اُن کی پالیسی کے مطابق تو آپ کی مونیٹائیزیشن شروع کردی جاتی ہے ، اور یہ ٹارگٹ جو ہے یہ یوٹیوب والوں کی طرف سے ہے کہ ایک سال کے عرصہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے یعنی یوٹیوب والے آپ کے چینل کو جب چیک کرتے ہیں تو وہ موجودہ دن سے ایک سال پیچھے تک دیکھتے ہیں کہ کیا واقع اس نے یہ ٹارگٹ ایک سال کے اندر مکمل کیا ہے ۔ ★تو اب یہاں پر ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایک سال تو بہت لمبا عرصہ ہے تو کیا ہمارا چینل اب ایک سال بعد مونیٹائیزڈ ہوگا تو بالکل بھی ایسا نہیں ہے اگر آپ یوٹیوب کا ٹارگٹ ایک ماہ میں یا دو سے تین ماہ میں بھی مکمل کرلیتے ہیں تو آپ مونیٹائیزیشن کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں اگر آپ کا کام اچھا ہوا تو یوٹیوب والے آپ کی مونیٹائیزیشن شروع کردیتے ہیں ۔ ★جب آپ کی مونیٹائیزیشن آن ہوجاتی ہے تو اس کے ساتھ آپ جب چینل بنا رہے ہوتے ہیں تو آپ نے پیسے کمانے کیلئے اُن کے ارننگ دینے والے پلیٹ فارم یعنی گوگل ایڈسینس کا اکاؤنٹ بھی بنانا ہوتا ہے تو آپ کو ارننگ گوگل ایڈسینس سے ہوگی ۔گوگل ایڈسینس کا جب آپ اکاؤنٹ بناتے ہیں تو جب آپ کی ارننگ شروع ہوتی ہے اور آپ کے ایڈسینس کے اکاؤنٹ میں جیسے ہی 10ڈالر ہوتے ہیں گوگل ایڈسینس کی طرف سے ایک پِن آتی ہے آپ کے ایڈریس کو ویریفائی کرنے کیلئے جو کہ آپ کے گھر کہ ایڈریس پر آتی ہے جو آپ نے اپنے ایڈسینس اکاؤنٹ بناتے وقت دیا ہوتا ہے جب پِن آپ کو مل جاتی ہے تو آپ وہ پِن اپنے ایڈسینس اکاؤنٹ میں لگاتے ہیں جس سے آپ کا ایڈسینس ویریفائی ہوجاتا ہے تو پھر آپ کی ارننگ آپ کو ملتی رہتی ہے ۔ ★یعنی آپ ویڈیوز بنا کر اپلوڈ کرتے ہیں تو یوٹیوب والے آپ کی اُن ویڈیوز پر اپنے مختلف ایڈورٹائزر کے اشتہار دیکھاتی ہے جس سے آپ کو ارننگ ہوتی ہے ۔ ★یوٹیوب چینل پر کام کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال کریں:٭مفید ویڈیوز شیئر کریں ٭ایسی ویڈیو اپ لوڈ نہ کریں جس سے کسی کی دلآزاری ہو ٭گندے اور فحش مواد سے پرہیز کریں ٭ویڈیو چوری شدہ نہ ہو٭ویڈیو کا کیپشن یا عنوان سنسنی خیز نہ ہو۔ ★ہر ماہ کی 21تاریخ تو گوگل ایڈسینس آپ کی کمائی ہوئی رقم دیتا ہے ایک ای میل آتی ہے آپ کو جس ای میل پر آپ نے اپنا گوگل ایڈسینس کا اکاؤنٹ بنایا ہوتا ہے اُس ای میل میں ایک MTCN نمبر ہوتا ہے جس کو آپ کسی بھی ویسٹرن یونین والے کو دیکھا کر اپنے پیسے لے سکتے ہیں اس کیلئے آپ کا اپنا شناختی کارڈ کا ہونا ضروری ہے ۔ ★گوگل ایڈسینس کم سے کم 100ڈالر ہونے پر آپ کو پیسے دیتا ہے وہ چاہیں تو آپ ایک ماہ میں کر لیں چاہیں تو آپ دو ماہ میں یا چھ ماہ میں کریں جب آپ 100ڈالر مکمل کریں گے تب جاکر آپ کو ارننگ ملتی ہے ۔
آن لائن کمائی بنک سے نکلوانے کا طریقہ ★آن لائن کمائے گئے پیسے کو اپنے مقامی بنک سے نکلوانے کے کافی طریقے ہیں۔ اس میں سر فہرست ہے پے اونیر اکاؤنٹ ★پے اونیر ایک آن لائن سروس ہے جو کہ آپ کی کمائی کو آپ کے بنک میں منتقل کرتی ہے۔ اس سلسلے میں آپ کا کسی بھی قریبی یا مقامی بنک میں اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔ بنک سے اپنا سوئس کوڈ اور آئی بین نمبر حاصل کریں۔ ★پے اونیر کی ویب سائٹ پر جائیں اور وہاں پر تمام مطلوبہ معلومات ڈال کر اپنا اکاونٹ بنا لیں۔ پھر اس اکاؤنٹ کو اپنے مقامی بینک اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کر لیں۔ ★ اب آپ جب بھی فائیور یا کسی اور فری لانسنگ ویب سائٹ پر پیسے کمائیں گے تو وہ پیسے پہلے آپ کے پے او نیر اکاؤنٹ میں آئیں گے اور پھر آپ کے مقامی بنک میں۔۔ ★اس کے علاوہ سکرل اور پے پال بھی اس ضمن میں کافی مفید ہیں لیکن پاکستان میں فی الحال ان کی سروسز موجود نہیں ہیں
۔انٹرنیٹ کے ذریعے پیسے کمانے کے چار بنیادی اصول مستقل مزاجی ★مستقل مزاجی شرط ِ اول ہے ۔ انٹرنیٹ کے ذریعے پیسے کمانے کے کئی طریقے ہیں ۔ سب سے پہلے دیکھیے کہ آپ کس فن کے ماہر ہیں ۔ کیا آپ ایک اچھے لکھاری ہیں ؟ کیا آپ پروگرامر ہیں؟ کیا آپ ویب سائٹیں بنانا جانتے ہیں ؟کیا آپ تصویروں میں ترمیم کر سکتے ہیں ؟کیا سوشل میڈیا پر آپ کو ہزاروں لوگ جانتے ہیں ؟ ۔۔۔ یہ کچھ مہارتیں ہیں ۔ جب کوئی اس نگری میں قدم رکھتا ہے تو اسے اس طرح کے کئی میدان نظر آتے ہیں ۔ سب سے پہلے ایک میدان چن لیا جائے ۔ پھر اس پر اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتیں صرف کر دی جائیں ۔ محنت ★محنت دوسری شرط ہے ۔ محنت کیا ہے؟ یعنی آپ اپنے صارفین کے معیار پر پورا اترنے کی کوشش ہمہ وقت جاری رکھیں ۔ صارفین کی کئی قسمیں ہوتی ہیں ۔ کچھ صارفین تھوڑے پر قناعت کر لیتے ہیں ۔ آپ کا فراہم کردہ مواد انھیں مطمئن کر دیتا ہے ۔ کچھ صارفین بڑے سخت ہوتے ہیں ۔ وہ ہر وقت خامیاں تلاش کرنے میں لگے رہتے ہیں ۔ آپ اپنے ہر قسم کے صارفین کا خیال رکھیں ۔ انھیں مطمئن کریں ۔ انھیں مطمئن کرنے کے لیے آپ کو محنت کرنی پڑ ے گی ۔ اس کے لیے آپ کو ابتدا میں سخت محنت کرنی پڑے گی انگریزی پر عبور ★اچھی انگریزی تیسری شرط ہے ۔ آپ میں کسی حد تک لکھنے کی صلاحیت ضرور ہونی چاہیے ۔ کچھ ویب سائٹیں ایسی ہیں ، جہاں آپ کو اپنا تعارف کرانا پڑتا ہے ۔ظاہر ہے ، وہاں اردو زبان استعمال نہیں کی جا سکتی ۔ اسی طرح کہیں آپ کے غیر ملکی صارف کو کوئی پریشانی ہے تو آپ کو اس کی پریشانی کا اذالہ کرنے کے لیے انگریزی کا سہارا لینا پڑے گا ۔اانٹرنیٹ کے عالمی گاؤں میں پیسے کی غرض سے آنے والا سمجھ دار شخص وہ ہوتا ہے ، جو نہ صرف انگریزی سمجھنے پر توجہ دیتا ہے ، بلکہ لکھنے کی بھی کوشش کرتا ہے ۔ تاکہ اسے کہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ مہارت ★چوتھی چیز مہارت ہے ۔ مہارت یہ ہے کہ آپ نے جو شعبہ چنا ہے ، اس کے بارے میں آپ وسیع معلومات کے حامل ہوں ۔ معلومات کی وسعت صارفین کو بہت متاثر کرتی ہے ۔ مثال کے طور پر اگر آپ ایک بلاگر ہیں تو جس موضوع پر آپ لکھ رہے ہیں ، پہلے اس کے بارے میں اچھی خاصی معلومات یک جا کیجیے۔ آج کل معلومات حاصل کرنا کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے ۔ گوگل میں سرچ کیجیے ۔ یوٹیوب میں ویڈیو دیکھیے ۔ فیس بک ، ٹوئٹر، واٹس اپ وغیرہ سے فائدہ اٹھائیے ۔ آپ کو اچھی خاصی معلومات مل جائیں گی ۔ پھر لکھیے اور دیکھیے کہ صارفین کس طرح آپ کی طرف لپکتے ہیں
No comments:
Post a Comment